Friday, May 10, 2019

Nekiyon ka Mousam Aaya, Nekiyan kamany k Chand andaz aap bhi azmain

🎇🌹🌴🎆🎄🎍🌻🎍🎄🎆🌴🥀🌹🎇🌹🥀🌴🎆🎄🎍🌻🎍🎄🎆🌴🌹🎇

رمضان المبارک- نیکیوں کا موسم بہار




"آمنہ بیٹی عائشہ کو مجھے دے دو اس نے بخار کی وجہ سے ساری رات تمہیں جگایا ہے, تم کچھ دیر سو جاؤ پھر میں عصر کے وقت تمہیں جگادوں گی۔"
 کلثوم خاتون اپنی دو سالہ پوتی کو گود میں لے کر اپنے کمرے میں چلی گئیں اور آمنہ کے دل سے اپنی ماں نما ساس کے لیۓ  ڈھیروں دعائیں نکلیں.
________________________

چچا جی کہاں جا رہے ہیں؟ کاشف نے گاڑی روک کر ایک معمر شخص سے پوچھا.
"بیٹا ذرا جامع مسجد تک جارہا ہوں."
 وہ بولے

"گاڑی میں آجائیں چچا جی میں بھی مسجد ہی جارہا ہوں." کاشف نے کہا.
معمر شخص روزے میں تیز دھوپ سے جب اے سی کی ٹھنڈک میں آکر بیٹھے تو انہوں نے کافی سکون محسوس کیا اور زیر لب کاشف جیسے نیک لڑکے کو دعائیں دینے لگے.
__________________________

ثانیہ ڈھیروں کپڑے تار پہ پھیلا کر فارغ ہوئی اور کچن کا رخ کیا, ہفتے بھر کے کپڑے دھو کر طبعیت نڈھال ہوگئی تھی.

"ثانیہ کچھ دیر آرام کرلو, افطاری میں پھل وغیرہ کاٹ لینا اور کچھ چیزیں میں باہر سے لے آؤں گا. تم آج افطاری مت بنانا"
 ثانیہ کے شوہر اسجد بولے.

ثانیہ نے شکرگزاری و محبت سے انہیں دیکھا, اس کا تھکا ہارا پورا وجود اسجد کو دعائیں دینے لگا.

______________________________

رشیدہ ایک نیک اور سفید پوش گھرانے سے تعلق رکھنے والی عورت ہے. مجبوریوں کے باعث چند گھروں میں کام کرتی ہے. وہ برتن دھو چکی تو واشنگ مشین میں پانی بھرنے لگی اتنے میں حفصہ باجی آگئیں.

 "رشیدہ کپڑے کل دھو لینا, تم بھی روزے سے ہوتی ہو ناں, ماہ رمضان میں روزانہ بس ایک کام کرنا, کل میں برتن خود دھولوں گی اور تم کپڑے دھولینا۔"
حفصہ باجی بولیں. 

"اور ہاں پیسے سارے کاموں کے ہی دوں گی." 
حفصہ باجی نے جاتے ہوۓ مسکرا کر کہا اور رشیدہ نے حیرانی سے اس فرشتہ صفت عورت کو دیکھا اور رب سے انکی خوشیاں مانگنے لگی.
____________________________

امام صاحب کی اہلیہ حبیبہ خاتون گھر کے کام نمٹا کر تراویح پڑھنے کے لیے کھڑی ہو رہی تھیں کہ ان کا بیٹا باہر سے ایک شاپر لے کر اندر آیا

 "امی جان ایک آنٹی یہ دے کر گئی ہیں۔ آپ کا نام لے رہیں تھیں کہ میں آپ کو دے دوں" 
ان کا بیٹا عبدالمجیب بولا.

 انہوں نے شاپر کھول کے دیکھا جس میں چند قیمتی کپڑے, عید کے لیے کچھ کھانے پینے کا سامان اور بچوں کے لیے چند چیزیں تھیں. ساتھ ایک لفافہ بھی تھا جس سے اچھی خاصی رقم اور ایک رقعہ نکلا.
 "السلام و علیکم باجی! یہ ہدیا قبول کر کے ہم پر احسان کریں۔ تمام اشیاء حلال کمائی کی ہیں اور یہ زکوۃ کے طور پہ نہیں بلکہ تحفہ ہے۔ خالص دل کی چاہت کے ساتھ"

حبیبہ خاتون دم بخود اس بےنام تحریر کو پڑھے گئیں اور پھر آسمان کی طرف دیکھ کر اس گمنام بندی کو خاموشی کی زباں سے ڈھیروں دعائیں دیں.

یہ چند مثالیں تھیں, رمضان المبارک نیکیاں کمانے کا موسم ہے نیکیوں کا اجر بڑھادیا جاتا ہے اور دل سے نکلی ہوئی یہ دعائیں کتنے ہی بگڑے کام بنادیتی ہیں. اللہ پاک ہمیں اس مبارک ماہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ خوب خوب اجر کمانے اور لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے والا بنائیں ۔ آمین

🎇🌹🌴🎆🎄🎍🌻🎍🎄🎆🌴🥀🌹🎇🌹🥀🌴🎆🎄🎍🌻🎍🎄🎆🌴🌹🎇

No comments:

Post a Comment